Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام سامنے آگیا

سندھ حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کا آغاز کردیا۔

کراچی: شہر قائد میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اور اہم اقدام سامنے آگیا ہے۔

کراچی میں سندھ حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت شہر کے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کو موجودہ واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل کل بروز ہفتہ شروع کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت انٹرکنکشن کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 9 پمپس کو 48 گھنٹوں کے لیے عارضی طور پر بند رکھنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ کام 25 اپریل دوپہر 12 بجے شروع ہوکر 27 اپریل تک جاری رہے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ 27 اپریل سے 9 میں سے 7 پمپس کے ذریعے پانی کی فراہمی بحال کردی جائے گی جب کہ 2 پمپس کو مزید 5 روز کے لیے بند رکھا جائے گا۔

انٹرکنکشن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر رہے گی تاہم دیگر پمپس سے سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

ترجمان کے مطابق نارتھ کراچی، سرجانی، اسکیم 33 اور گلستان جوہر میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جب کہ گلشن اقبال، صدر، لانڈھی، کورنگی اور چنیسر ٹاؤن کے بعض علاقوں میں بھی سپلائی متاثر ہوگی۔

اسی دوران نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ کام کے دوران شہر کو روزانہ تقریباً 250 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا جب کہ معمول کے مطابق 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

تاہم مینٹیننس کے دوران تقریباً 400 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ کام پانی کا محتاط اور باکفایت استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں