کراچی کے شاہ فیصل پل پر باراتیوں نے مبینہ طور پر ٹریفک روکا جس کے بعد دولہا دلہن نے رقص کیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باراتی شاہ فیصل پل پر گاڑیاں روک کر شادی کی تقریب کا جشن منارہے ہیں۔
اس دوران دولہا اور دلہن سمیت دیگر افراد سڑک پر رقص کرتے رہے جب کہ پل سے گزرنے والے شہری حیرانی سے یہ مناظر دیکھتے رہے۔
ویڈیو میں ایک شخص کو پل کے اوپر چڑھ کر رقص کی ویڈیو بناتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دوسری جانب سے گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق باراتیوں کی جانب سے سڑک پر ٹریفک روک کر ناچ گانا کیا گیا جس کے باعث پل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
واقعے کی ویڈیوز ایک کانٹینٹ کریئٹر نے انسٹاگرام پر بھی اپلوڈ کیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔
شہر میں شادی کی تقریبات کے دوران سڑکیں اور اہم شاہراہیں روک کر رقص کرنے کا رجحان بھی موضوعِ بحث بن رہا ہے۔



















