Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی شہری نے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

امریکی شہری کی تیار کردہ اس دیوہیکل ربڑ بینڈ بال کا وزن 11 ہزار 578 پاؤنڈ (5,251.6 کلوگرام) ریکارڈ کیا گیا

 امریکہ کے ایک شہری نے 10 سال سے زائد عرصے کی محنت کے بعد ربڑ بینڈز سے دنیا کی سب سے بڑی بال تیار کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

کلاڈ پی مور نامی امریکی شہری کی تیار کردہ اس دیوہیکل ربڑ بینڈ بال کا وزن 11 ہزار 578 پاؤنڈ (5,251.6 کلوگرام) ریکارڈ کیا گیا جس کی گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

کلاڈ پی مور کے مطابق انہوں نے ہیموفیلیا کے معائنے کے سلسلے میں ڈاکٹروں کے پاس بار بار جانے کے دوران ربڑ بینڈز کی چھوٹی چھوٹی گیندیں بنانا شروع کی تھیں۔ تاہم 2015 میں ان کے چند ساتھیوں نے انہیں ربڑ بینڈز سے ایک غیر معمولی بڑی گیند بنانے کا چیلنج دیا، جس کے بعد یہ شوق ایک بڑے منصوبے میں تبدیل ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلسل فٹبال کو سر سے اچھالتے ہوئے 17 ٹی شرٹس پہننے کا انوکھا ریکارڈ قائم

وقت گزرنے کے ساتھ ربڑ بینڈ بال کا حجم اتنا بڑھ گیا کہ اسے گھر کے گیراج میں رکھنا ممکن نہ رہا جس کے باعث اسے ایک مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔

رواں سال اگست میں درجنوں افراد کی مدد سے اس بھاری بھرکم گیند کو اسٹوریج یونٹ سے باہر نکالا گیا اور کرین کے ذریعے امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں واقع جزیرے بیلے آئل منتقل کیا گیا جہاں اس کا باضابطہ وزن کیا گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے وزن کرنے کی تقریب کا مشاہدہ کیا اور 11 ہزار 578 پاؤنڈ وزن کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال قرار دے دیا۔

اس طرح کلاڈ پی مور کی دس سال سے زائد عرصے کی محنت ایک عالمی ریکارڈ میں تبدیل ہوگئی۔

Exit mobile version