Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لبنان: 100 سال سے زائد عرصے سے فلافل فروخت کرنے والا خاندان

خاندان کی یہ تاریخی دکان دارالحکومت بیروت کے مصروف علاقے حمرا میں واقع ہے

بیروت: لبنان میں ایک خاندان گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے فلافل فروخت کرکے اپنی منفرد شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ اب اس خاندانی کاروبار کی چوتھی نسل بھی اسے آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طبارہ خاندان کا فلافل کا کاروبار لبنان کے قیام سے بھی پہلے شروع ہوا تھا جو دو عالمی جنگوں اور ملک میں ہونے والے متعدد تنازعات کے باوجود آج تک جاری ہے۔

خاندان کی یہ تاریخی دکان دارالحکومت بیروت کے مصروف علاقے حمرا میں واقع ہے جہاں تقریباً 3 ڈالر میں فلافل سینڈوچ فروخت کیا جاتا ہے۔

یہ سینڈوچ تلی ہوئی پھلیوں سے تیار کردہ فلافل، لبنانی روٹی، اچار والے کھیرے، ٹماٹر، پارسلے، گاڑھی طحینہ اور خصوصی تیز مرچوں کی چٹنی سے تیار کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اس آدھے کھائے ہوئے سینڈوچ کی قیمت جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے

82 سالہ محمد طبارہ کا کہنا ہے کہ ان کے گاہک صرف لبنان تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر سے لوگ ان کی دکان کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق صارفین دکان پر اس لیے آتے ہیں کیونکہ وہ یہاں کے منفرد ذائقے اور معیار سے واقف ہیں۔

محمد طبارہ اب اپنے خاندانی کاروبار اور روایتی فلافل بنانے کا ہنر اپنے 40 سالہ بیٹے زیاد طبارہ کو منتقل کر رہے ہیں، جو پہلے اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتے تھے، تاہم گزشتہ چھ برس سے اپنے والد کے ساتھ دکان پر مکمل وقت دے رہے ہیں۔

زیاد طبارہ کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک کھانے کا ذائقہ نہیں بلکہ تاریخ اور ثقافتی ورثہ ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوتا چلا آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران وہ اپنے والد کے ساتھ دکان پر کام کیا کرتے تھے اور اب اسی خاندانی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version