کراچی میں پیٹرول پمپس کے خلاف کے ایم سی کی کارروائی رکوانے میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کامیاب ہوگئی۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نمبر 2 نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر کے ایم سی کو پیٹرول پمپس کے خلاف زبردستی کارروائی سے روک دیا۔
عدالت نے مدینہ فلنگ اسٹیشن، مکہ موبائل سروس اور نصیر گیسولین سروس کی درخواستوں پر حکم جاری کیا۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش کے مطابق عدالت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا مؤقف درست قرار دے دیا ہے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ کے ایم سی کے پاس پیٹرول پمپس پر چھاپے مارنے کا اختیار نہیں، عدالت نے یہ مؤقف بھی تسلیم کرلیا ہے۔
چیئرمین پی پی ڈی اے کے مطابق عدالتی حکم کے بعد کے ایم سی کو پیٹرول پمپس کے خلاف چھاپوں اور زبردستی کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے بعد پیٹرول پمپس کو آپریشن بحال کرنے کی ہدایت سمیت یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کے ایم سی حکام پیٹرول پمپس کا دورہ کریں تو انہیں عدالتی حکم سے آگاہ کیا جائے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایسوسی ایشن نے کے ایم سی کے اختیارات سے متعلق اپنا مؤقف عدالت میں ثابت کردیا ہے۔
