Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کردیا

پاکستان کو ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو کے بانڈز کی ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کردی ہے، جس کے بعد فوری طور پر اس رقم کی واپسی کا معاملہ مؤخر ہوگیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ قرض کے معاملے پر پیش رفت ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں سعودی وزیر خزانہ سے بھی ان کی مثبت ملاقات ہوئی ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، اس لیے اس معاملے پر تشویش کی ضرورت نہیں۔ سعودی عرب سے اضافی مالی معاونت حاصل کرنے کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستان کے پاس تین ماہ کے درآمدی اخراجات پورے کرنے کے لیے زرمبادلہ موجود ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کو ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو کے بانڈز کی ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ ان واجبات کی بروقت ادائیگی کے انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ سے پروگرام کی اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں متوقع ہے۔

Exit mobile version