گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید کی شادی ہوئی جس کے بعد سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی پر منفی تبصرے کرنے والوں اور نیوز چینلز کے سوالوں پر شدید غصے کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کی خبر سے پورے ملک اور سوشل میڈیا پر آگ لگی ہوئی ہے، اِن کی شادی کے بعد مجھے مختلف چینلز کی طرف سے فون کالز آئیں، میں نے جان بوجھ کر فون کال نہیں اُٹھائی لیکن اس کے باوجود مجھے نئے نئے نمبروں سے کالز آئیں جس پر مجھے بہت غصہ آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوز چینلز مجھے کیوں کالز کررہے ہیں؟ کیا ثنا جاوید میری بچپن کی سہیلی ہے؟ کیا شعیب ملک میرا کلاس فیلو تھا؟ کیا میں ان دونوں کی فیملی کا حصہ ہوں؟ میں اور آپ کسی کی نجی زندگی میں بولنے والے کون ہوتے ہیں؟ میں آپ کے ان فضول سوالوں کے جواب کیوں دوں؟
اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ لوگوں میں خدا کا خوف ہی نہیں ہے، شعیب ملک اور ثنا جاوید نے شادی کرلی ہے، اچھی بات ہے، اللہ پاک دونوں کو خوش رکھے لیکن میں یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ ہمیں یہ حق کس نے دیا ہے کہ ہم کسی کی نجی زندگی پر سوال یا تبصرے کریں؟
اُنہوں نے کہا کہ ملک کا مہنگائی اور بےروزگاری سے بُرا حال ہے، پوری دُنیا مشکل میں ہے، پاکستان میں الیکشن نہیں ہورہے، اداکار طلعت حسین شدید بیمار ہیں، اس سب کی کسی میڈیا چینل کو پرواہ نہیں، ہمارے نیوز چینلز کو صرف یہ جاننا ہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی پہلی شادیاں کیسے ختم ہوئیں، اُن کی یہ شادی کس نے اور کب کروائی وغیرہ وغیرہ۔
واضح رہے کہ شعیب ملک نے پہلی شادی اپریل 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی اور ان کے درمیان دسمبر 2022 سے طلاق کی افواہیں زیرِ گردش تھیں۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا ایک 5 سال کا بیٹا بھی ہے۔