پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے دبئی میں منعقدہ ‘جشنِ ریختہ’ کی محفل کو چار چاند لگا دئیے۔
اردو ادب کے فروغ کے لیے جشن ریختہ کا انعقاد گزشتہ روز دبئی میں ہوا، اس دو روزہ ادبی میلے میں اردو نثر، شاعری اور زبان کی ترقی و ترویج سمیت مختلف موضوعات زیربحث آئے۔
اس شاندار میلے میں نامور بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر، شبانہ اعظمی، ثمینہ پیرزادہ، ماہرہ خان سمیت پاکستان اور بھارت کے نامور شعرا، فنکار، ادیب اور مفکرین نے شرکت کی۔

ماہرہ خان نے جشن ریختہ کے دوسرے روز سجنے والے میلے میں بطور مہمان شرکت کی اور ‘کہانی سے کردار تک’ کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستانی اداکارہ نے اس موقع پر اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی زندگی میں پہلی بار جشن ریختہ کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں اور امید کرتی ہیں کہ وہ اس میلے میں بار بار شرکت کریں گی، جس میں ملک بھر کی آرٹسٹ کمیونٹی اردو زبان کو سراہتے ہیں اور اس پر بات کرتے ہیں۔