پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار عدنان صدیقی خواتین کے خلاف حالیہ بیان پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
حال ہی میں عدنان صدیقی نے ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے خواتین کا موازانہ مکھیوں سے کر ڈالا۔
ہوا کچھ یوں کہ دورانِ گفتگو عدنان صدیقی کے ہاتھ پر مکھی آکر بیٹھی جس کے بعد اداکار نے کہا کہ میں اب جو بات کہنے جا رہا ہوں، اُس کا کوئی بُرا نہ مانے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے اُتنا ہی دور بھاگیں گی اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جب مکھی کو پکڑنے کی کوشش کررہا تھا تو وہ بھاگ گئی تھی لیکن جیسے ہی میں خاموش ہوکر بیٹھ گیا تو مکھی میری ناک پر آکر بیٹھ گئی۔
اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین غصے سے بھڑک اُٹھے ہیں اور اداکار پر تنقید کرتے ہوئے اُنہیں گھٹیا اور بیہودہ قرار دے رہے ہیں۔
