پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ بھارتی عوام ہمارے اسٹارز سے عشق کرتی ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا تھا کہ جب فواد خان، وہاج علی جیسے دیگر پاکستانی اداکاروں کی مقبولیت بھارت میں عروج پر پہنچنے لگی تو بولی وڈ کے خانز (شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان) سمیت کچھ اسٹارز ڈر گئے اور ان پر پابندی عائد کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد خان جیسے اداکاروں نے جب بھارت کام کرنا شروع کیا اور وہ بھارت میں بہت مقبول ہوئے تو بولی وڈ کے چند نامور اداکار ڈر گئے، انہوں نے اسے سیاسی رنگ دے کر ان پر پابندی لگا دی۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف بھارتی سیاستدانوں بلکہ بالی ووڈ کے ٹاپ اداکاروں کو بھی پاکستانی اسٹار کے ساتھ مسئلہ تھا۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ان اداکاروں کو یہ ڈر نہیں تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو بھارت میں فلمیں آفر ہونا شروع ہوجائیں گی بلکہ بھارتی عوام پاکستانیوں کے پیچھے دیوانے تھے۔
اداکارہ کے مطابق پاکستانی اداکار نہ اپنے پروجیکٹس میں فائٹ سین کرتے ہیں نہ اپنی ’باڈی‘ دکھاتے ہیں یہ تو آنکھوں سے کام کرتے ہیں، ان کی صاف اردو اور پرفیکٹ ڈائیلاگ ڈلیوری سے بھارتی اداکار خوف زدہ ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام ہمارے اسٹارز سے عشق کرتی ہے حالیہ وقت میں وہاج علی اور بلال عباس نے جتنے ڈرامے کیے وہ بھارت میں بے حد مقبول ہوئے جس کی وجہ سے وہاں کی عوام دیوانی ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بولی وڈ کے خانز (شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان) ڈر گئے کہ کہ اگر یہ پاکستانی لڑکے انڈسٹری میں آئیں گے تو ان کا کیا ہوگا کیونکہ پاکستان میں جتنی عمر کے نوجوان لڑکے موجود ہیں وہ بالی ووڈ میں نہیں ہیں۔
