پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ وہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں اداکارہ نادیہ افگن سے سوال کیا گیا کہ آپ شوبز انڈسٹری میں کس کے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہتیں؟
نادیہ افگن نے کہا کہ مجھ سے جب بھی کسی شو میں اس طرح کا کوئی سوال کیا جاتا ہے تو میں فوراً بلاجھجھک جواب دے دیتی ہوں جس پر مجھ سے سینیئر اداکارائیں کہتی ہیں کہ ایسے جواب دینے سے گریز کیا کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا جواب خلیل الرحمان قمر صاحب ہیں، میں نے کبھی خلیل صاحب کے ساتھ کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مستقبل میں اُن کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔
اس کے علاوہ میزبان نے اداکارہ سے اُن کی زندگی کے مشکل ترین فیصلے کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر نادیہ افگن نے کہا کہ بچے پیدا نہ کرنا میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے دو بار میرا حمل بھی ضائع ہوگیا تھا، میں نے بہت علاج بھی کروایا لیکن بدقسمتی سے میرا علاج کامیاب نہ ہوسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ حمل ضائع ہونے کی وجہ سے میری ذہنی و جسمانی صحت شدید متاثر ہوئی، بہت کوششوں کے باوجود بھی اولاد کی نعمت سے محروم رہی، پھر میں نے اور میرے شوہر نے اللہ تعالیٰ کی رضا سمجھتے ہوئے اولاد کے بغیر ہی زندگی کا گزارنے کا فیصلہ کیا۔
نادیہ افگن نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں میرے شوہر نے میرا بہت ساتھ دیا اور وہ میرے ہر فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے میرے ساتھ کھڑے رہے۔
