بالی ووڈ کے لیجنڈ اسکرین رائٹر سلیم خان کا کہنا ہے کہ انکی ایک خواہش کبھی پوری نہیں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈ اسکرین رائٹر اور دبنگ اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان ان دنوں اپنی ڈاکومینٹری فلم ’ اینگری ینگ مین ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
اس دوران انہوں نے ممبئی آنے کے بعد کی جانے والی جدوجہد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی آنے سے قبل بھارتی شہر اندور میں رہائش پذیر تھا اور ایک آرام دہ زندگی گزار رہا تھا لیکن فلموں کا ایک بڑا نام بننا چاہتا تھا اس لیے ‘جدوجہد’ کا فیصلہ کیا اور اپنی فیملی سے ایک روپیہ لیے بغیر ممبئی چلا آیا۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی آنے کے بعد میرین ڈرائیو پر 55 روپے کرائے پر آدھے کمرے کا گھر لیا، میری پہلی خواہش تھی کہ 110 روپے میں پورا کمرہ کرائے پر لوں لیکن میری یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوئی۔
بالی ووڈ کے لیجنڈ اسکرین رائٹر سلیم خان نے کہا کہ مجھے اس وقت پیسوں کی ضرورت تھی اس لیے میں نے سگریٹ کے اشتہارات، کپڑوں کے اشتہارات جیسی پیشکش بھی قبول کی۔
سلیم خان نے کہا کہ سلمیٰ سے میری ملاقات 24 سال کی عمر میں ہوئی اور اس وقت سلمیٰ کی عمر 17 سال تھی، سلمیٰ کے گھر والوں نے ان پر مجھ سے یا پھر کسی اور سے شادی کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کردیا، 1965 میں سلمیٰ اور میری شادی ہوگئی اور پھر ایک سال بعد سلمان خان کی پیدائش ہوئی۔
