بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنے والی متنازع بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید نے کہا ہے کہ میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان جیسا رتبہ پانا چاہتی ہوں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید کا کہنا تھا کہ میری ہر جگہ، ہر کسی نے حوصلہ شکنی کی ہے، مجھ جیسا کچھ کرنے کے لیے خاص انفرادیت کا حامل ہونا پڑے گا، کوئی مجھ جیسا کرکے دیکھ لے، مجھے اُس سے زیادہ خوشی ہوگی کہ وہ میری طرح کچھ کرکے کامیاب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے میری بہت مخالفت کی، اس کے باوجود میں نے اپنی دنیا بنانے کےلیے مواقع پیدا کیے اور وہی کیا، جس نے مجھے شہرت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے لیے مواقع خود بناتی ہوں، اگر اُس سے کوئی تنازع کھڑا ہوتا ہے تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
عرفی جاوید نے کہا کہ میں یہ حرکتیں تب تک بند نہیں کروں گی جب تک اداکار شاہ رخ خان جیسا رتبہ نہ پالوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان میرے لیے بینچ مارک ہے، جس دن مجھے لگے گا کہ میں دنیا کی شاہ رخ خان ہوں یا کنگ خان نے مجھے اپنی آدھی جائیداد دے دی ہے تب تک میں ریٹائرمنٹ نہیں لوں گی۔
