پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار وسیم عباس نے کہا ہے کہ کسی بھی اداکار کی عمر کے حوالے سے بات کرنا مناسب نہیں ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں سینئر اداکار وسیم عباس سے فردوس جمال کے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے بارے میں دیے گئے بیان پر ان کی رائے پوچھی گئی۔
جس پر انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ میرے خیال میں ہمیں کسی کی عمر کے حوالے سے بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کی عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ماہرہ خان اب بھی خوبصورت ہیں، وہ آخری بار ’مولا جٹ‘ میں اسکرین پر نظر آئی تھیں اور ہمیں اس بات کو قبول کرنا چاہیے کہ وہ اس فلم میں بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔
اداکار نے کہا کہ سینئر ہونے کی حیثیت سے ہمیں اپنے ساتھی اداکاروں کے بارے میں اپنی رائے بتاتے وقت بہت محتاط رہنا چاہیے۔
وسیم عباس کا کہنا تھا کہ کسی بھی اداکار کی کارکردگی پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن اس کی عمر کے حوالے سے بات کرنا مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح فردوس جمال نے ہمایوں سعید پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہا کہ کیا وہ مارلن برانڈو ہیں؟ تو اس پر میں کہوں گا کہ یہ بالکل بے جا تنقید ہے اور اس طرح کی بے جا تنقید نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید بہت بڑے اسٹار ہیں اور ان کے مداحوں کی بہت بڑی تعداد ہے اس لیے وہ پاکستان کے مارلن برانڈو ہی ہیں۔
معروف و سینئر اداکار وسیم عباس نے بالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی عمر بھی تو زیادہ ہے، وہ دونوں اب بھی فلموں میں بطور ہیرو نظر آتے ہیں، لوگ اُنہیں پسند بھی کر رہے ہیں، ان کی فلمیں باکس آفس پر اچھا منافع بھی کما رہی ہیں تو پھر اور کیا چاہیے۔
