پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس کا کہنا ہے کہ بہوؤں کو نیچا دکھانے کیلئے مائیں ڈرامے کرتی ہیں۔
حال ہی میں پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے گھریلو مسائل سے متعلق گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں ماؤں کو گھروں میں ڈرامے کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو میں پریشان ہوکر خود سے سوال کرتی ہوں کہ کیا حقیقی زندگی میں بھی یہ سب ہوتا ہے۔
اسما عباس نے کہا کہ ان ماؤں کو دیکھنے کے بعد میں اپنی بہوؤں سے تفریحاً کہتی ہوں کہ آپ کو شکر ادا کرنا چاہیے کہ میں ہر وقت گھر پر موجود نہیں ہوتی، مجھے گھر میں نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی پسند ہے لیکن میں اپنی بہوؤں پر سختی نہیں کرتی۔
اداکارہ نے کہا کہ رواں سال کے آخر میں اپنے بیٹے احمد عباس کے فرض سے بھی سبکدوش ہونے جا رہی ہوں، جو کچھ میں نے بڑی بہو سے سیکھا ہے اسے چھوٹی بہو پر آزماؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں اکثر اپنی چھوٹی بہو کو نصیحت کرتی ہوں کہ جب میں نہیں رہوں گی تو سسرال آنے کے بعد آپ کو ہی یہ سب دیکھنا ہے۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ جو مائیں اپنے بچوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے بہوؤں کو نیچا دکھاتی ہیں اور ڈرامے کرتی ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو پریشان نہ کریں، کیونکہ بچے ماؤں کے آنسو دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں۔
