بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے کہا ہے کہ ساس کی موت کی اطلاع ملی لیکن مجھے شو میں بیٹھ کر قہقہے لگانے تھے۔
ارچنا پورن سنگھ اپنے قہقہوں کے باعث شہرت رکھتی ہیں، اسی وجہ سے وہ کپل شرما شو کا حصہ بھی ہیں جہاں انہیں مستقل مہمان کی حیثیت سے ہر بات پر قہقہہ لگانا ہوتا ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ بظاہر لگتا ہے کہ میرا کام بہت آسان ہے کہ ایک جگہ آ کر بیٹھ جاؤ اور ہر بات پر بس ہنستے جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب مجھے ساس کی موت کی اطلاع ملی لیکن مجھے شو کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر بیٹھ کر قہقہے لگانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شو کی قسط کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی تھی اور اچانک ساس کی موت کی اطلاع موصول ہوئی، یہ جانتے ہوئے کہ مجھے ایپی سوڈ مکمل کرنی ہے میں نے فوراً جانے کا کہا لیکن شو کی ٹیم نے مجھے کہا کہ آپ صرف بیٹھ کر ہنسیں، ہم اسے سین کے مطابق ایڈیٹ کر لیں گے۔
ارچنا پورن سنگھ نے کہا کہ اب آپ خود سوچیں کہ میرے ذہن پر کیا گزر رہی ہو گی، میری ساس وفات پا چکی تھیں، ایسے میں مجھے کیسے ہنسی آ سکتی تھی؟ اس وقت میں کس طرح ہنسی مجھے نہیں معلوم۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس انڈسٹری میں 30-40 سال ہو چکے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ پروڈیوسر کا پیسہ داؤ پر لگا ہوا ہے، آپ کام کو ادھورا نہیں چھوڑ سکتے۔
