پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ مجھے چھوٹی اسکرین پر ابھی تک کوئی اسکرپٹ زیادہ اچھا نہیں لگا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکار شان شاہد نے بتایا کہ انہیں عامر خان نے فلم گجنی کی پیشکش کی تھی اور 8 کروڑ بھارتی روپے آفر کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی فنکار کو بھارت جانے سے نہیں روکتا، جسے جانا ہے خوشی سے جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک تو کشمیر کو لے کر میرے والد کے نظریات بہت مضبوط تھے اس وجہ سے، کیونکہ بھارت میں کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہورہی ہے، اس کے بعد عامر خان کا مجھے خود فون آیا اور ایک ولن کے کردار کی پیشکش کی جس پر میں نے کہا کہ پورے بھارت میں کوئی ولن کا کردار نہیں کرسکتا؟
ان کا کہنا تھا کہ دراصل پروڈیوسر اداکارانہ صلاحیتوں پر نہیں بلکہ پاکستانی ہونے کی وجہ سے مجھے کاسٹ کرنا چاہتے تھے، جو مجھے قبول نہیں تھا۔
شان شاہد نے کہا کہ مجھے فلم سات خون معاف اور دہلی 6 کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔
معروف و سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ہمسفر آفر ہوا تھا لیکن مصروفیت کے سبب میں نے وہ کرنے سے انکار کردیا تھا، مجھے ماہرہ خان کا ہیرو یعنی فواد خان کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی جو میں نے نہیں قبول کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے چھوٹی اسکرین پر ابھی تک کوئی اسکرپٹ زیادہ اچھا نہیں لگا، کوئی ڈرامہ آیا تو میں ضرور کروں گا لیکن ابھی تک کوئی متاثر کن کہانی آئی نہیں۔
