اس وقت دنیا میں ہر 3 میں سے 1 شخص ڈپریشن کا شکار ہے تاہم اس کے بارے میں شعور و آگاہی بے حد کم ہے۔
ڈپریشن کا علاج کئی طرح سے ممکن ہے، مگر نیوٹریشن ماہرین کے مطابق کھانوں کے ذریعے بھی ڈپریشن پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
آج ہم آپ کو ان غذاؤں کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کے زیادہ استعمال سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
برازیل میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق جنک فوڈ کا استعمال آپ کے جسمانی وزن میں اضافے کا باعث ہی نہیں بنتا بلکہ ڈپریشن کا شکار بھی کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، چپس، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
اس حوالے سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں ڈپریشن کی تشخیص کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 2700 سے زیادہ افراد کو شامل کرکے ان کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا تھا۔
