فوڈ نیوٹریشنسٹ وپیڈیاٹریشن ڈاکٹر سہیل فاروق نے بچوں کو کھانسی اور نزلہ زکام سے نجات دلانے کیلئے مفید مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے فوڈ نیوٹریشنسٹ وپیڈیاٹریشن ڈاکٹر سہیل فاروق کا کہنا تھا کہ موسم سرما کے آغاز میں، خنکی، خشک سردی اور سموگ میں بتدریج اضافے کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی، ناک کا بہنا، گلے کی خراش وغیرہ کے مسائل کوئی نئی بات نہیں جبکہ اس طرح کی موسمی بیماریاں چھوٹے بچوں پر زیادہ جلدی اثر انداز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچ چیزوں کے استعمال سے آپ گھر بیٹھے اپنے بچوں کو کھانسی اور نزلہ زکام سے نجات دلا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سہیل فاروق نے کہا کہ شہد تو ویسے ہی شفا کا خزانہ ہے جو کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی آرام پہنچاتا ہے لہٰذا اگر ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس اور دو چائے کے چمچ شہد لے کر آپس میں مکس کر دیں اور بچے کو دن میں 2 سے 3مرتبہ پلائیں تو مذکورہ موسمی امراض سے نجات مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیموں خشک کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی بہت مفید ہے کیونکہ اس کے اندر پایا جانیوالا وٹامن سی بچوں کے اندر قوت مدافعت کو بڑھاتا اور نزلہ زکام و کھانسی جیسی بیماریوں سے بچنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔
اس کے علاوہ موسم سرما کے دوران چکن کارن سوپ ایک سال سے بڑے بچوں میں کھانسی اور نزلے کے تدارک کیلئے بہت مفید ہے۔
