پاکستان میں لوگوں کے زیادہ بیمار ہونے کی اہم وجہ سامنے آ گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق انفلوئنزا اے کی سب ٹائپ ایچ 3 این 2 کے نتیجے میں پورے ملک میں لوگ بیمار ہو رہے ہیں، پاکستان میں کورونا کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
این آئی ایچ حکام نے بتایا کہ پاکستان بھر سے انفلوئنزا کے ہر ہفتے ہزاروں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، بچوں میں نزلہ، زکام اور بخار آر ایس وی وائرس کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، پاکستان میں اس وقت انفلوئنزا کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔
اس حوالے سے ماہرینِ صحت نے کہا کہ انفلوئنزا سے بچنے کے لیے ماسک استعمال کریں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، انفلوئنزا ہونے کی صورت میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
