کہا جاتا ہے کہ دنیا کا سب سے بہترین کینو پاکستان میں ملتا ہے اور یہ ایسا غلط بھی نہیں۔
مالٹے کی اس قسم کا ذائقہ لوگوں کے دلوں کو خوب بھاتا ہے جب ہی تو ہر سال یہ اس موسم میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پھل ہے جبکہ برآمد بھی کیا جاتا ہے۔
کینو کا ترش ذائقہ کیلوریز میں کم مگر غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامنز اسے بہترین پھل بناتا ہے۔
لیکن کیا جانتے ہیں کہ کینو کے چھلکوں سے ہم کونسے فوائد حاصل کر سکتے ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر کرشماتی پاوٴڈر ہے جو جلد کو قدرتی چمک اور تازگی دیتا ہے۔
خواتین کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر گھر پر ہی تیار کرسکتی ہیں، کینو کھانے کے بعد اس کے چھلکوں کو محفوظ کرلیں۔
اسے دو سے تین دن تک دھوپ میں رکھیں یہاں تک کہ خشک ہو کر سخت ہو جائیں۔ اب ان کو گرائنڈ کر کے پاوٴڈر بنا لیں اور کسی بوتل میں محفوظ کر لیں۔
کینو کے پاؤڈر کا استعمال
کینو کے چھلکے کے پاوٴڈر کو دہی میں مکس کرکے چہرے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے اسکرب کریں پھر پندرہ منٹ بعد دھو لیں۔
یہ جلد سے چکنائی کم کرکے رنگت نکھارتا ہے۔
پاوٴڈر کو انڈے کی سفیدی اور لیموں کے چند قطروں کے ساتھ مکس کرکے پندرہ منٹ چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر دھو لیں۔
دانتوں کی پیلاہٹ پن ختم کرنے کیلئے اس پاوٴڈر کی پیسٹ بنا کر یا پاوٴڈر کو دانتوں پر روزانہ ملیں، یہ دانتوں کو سفید کردے گا۔
