آج ہم آپکو بتائیں گے کہ بچپن کی غذائیں جوانی میں کس خطرے کا سبب بنتی ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق بچپن میں چینی، چکنائی اور کیلوریز سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے جوانی میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔
جی ہاں، محققین نے تحقیق میں 4700 سے زائد بچوں کی غذائی عادات کا جائزہ لیا جبکہ تحقیق میں بھی دیکھا گیا کہ 7، 10 اور 13 سال کی عمر میں ان بچوں کی غذا کیا تھی جس کے بعد 17 اور 24 سال کی عمر میں ان کی دل کی شریانوں کی صحت کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ 7 سال کی عمر میں جو بچے چکنائی اور چینی سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، ان کی دل کی شریانیں 17 سال کی عمر میں دیگر بچوں کے مقابلے میں زیادہ تنگ ہو چکی تھیں۔
شریانیں سکڑنے سے بلڈ پریشر بڑھتا ہے اور دل کو اپنے افعال کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ عمر میں اضافے کے ساتھ دل کی شریانوں پر قدرتی طور پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، مگر تمباکو نوشی یا ذیابیطس سے یہ عمل تیز ہوجاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ بچپن میں پھلوں، سبزیوں، گریوں اور صحت کے لیے مفید چکنائی پر مشتمل غذاؤں کے استعمال سے مستقبل میں دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ بچپن سے ہی اچھی غذائی عادات کو اپنانا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں طبی مسائل کا خطرہ کم ہوسکے۔
