آج ہم آپکو بتائیں گے کہ موسمِ سرما میں ہمیں نیند زیادہ کیوں آتی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق موسم سرما کے دوران لوگوں کی نیند دیگر موسموں کے مقابلے میں زیادہ گہری ہوتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ موسمِ گرما کے مقابلے میں سرما میں لوگوں کی نیند کا اوسط دورانیہ ایک گھنٹے زیادہ ہوتا ہے، مگر بیشتر افراد روزمرہ کی مصروفیات کے باعث زیادہ دیر تک سونے سے محروم رہتے ہیں، جس کے باعث سستی یا غنودگی کا احساس ہوتا ہے۔
گہری نیند صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتی ہے کیونکہ اس کے دوران یادداشت، توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت، مزاج اور مدافعتی نظام پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مگر نیند کے دورانیے سے زیادہ خاص بات یہ ہے کہ سرد موسم میں گہری نیند کا دورانیہ 30 منٹ تک بڑھ جاتا ہے۔
گہری نیند کے دوران دماغی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں جو انسانی صحت کے لیے اہم ہوتی ہیں جبکہ لوگ خواب دیکھتے ہیں۔
محققین کے مطابق نتائج سے پہلی بار ثابت ہوا کہ موسم کے لحاظ سے نیند کی عادات کو بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے، یعنی سردیوں میں جلد سونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ روزمرہ کی مصروفیات کے باعث لوگوں کی نیند کا دورانیہ ہر موسم میں لگ بھگ ایک جیسا ہوتا ہے مگر انسانی ذہن موسم سرما میں قدرتی طور پر سست ہو جاتا ہے کیونکہ اسے زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
