توند کی چربی جسم کے بہت اہم اعضا کو ڈھانپ لیتی ہے جس کی وجہ سے امراضِ قلب، ذیابیطس اور دیگر سنگین طبی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تو آج ہم آپکو اس سے نجات حاصل کرنے کے نہایت ہی آسان طریقے بتائیں گے۔
نیند کو ترجیح دیں
نیند کی کمی کے شکار افراد میں توند کی چربی کا ذخیرہ زیادہ ہوتا ہے۔
بالغ افراد کو ہر رات کم از کم 7 گھنٹوں کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے اور اچھی نیند سے توند کی چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے۔
چہل قدمی کریں
چہل قدمی سے جسم اور دماغ دونوں کو فائدہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے روزانہ کی عادت بنالینا چاہیے۔
چہل قدمی سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے، جوڑوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنا آسان ہو جاتا ہے۔
انٹرمٹنٹ فاسٹنگ
انٹرمٹنٹ فاسٹنگ طریقہ کار میں روزانہ ایک خاص دورانیے تک کھانے سے دوری اختیار کی جاتی ہے۔
اس طریقہ کار سے جسمانی وزن میں 13 فیصد کمی لانا ممکن ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ہمارے جسم کو کم کیلوریز ملتی ہیں تو وہ توانائی کی سطح برقرار رکھنے کے لیے جسمانی چربی کو گھلانا شروع کر دیتا ہے۔
ورزش کریں
اگر آپ جسمانی چربی کو گھلانا چاہتے ہیں تو بھاری وزن اٹھانے یا ویٹ ٹریننگ کو عادت بنالیں۔
ضروری نہیں کہ کسی جم کا رخ کریں، ڈمبل کے ساتھ ورزش کرنے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
جاگنگ بھی مددگار
جسمانی چربی گھلانے کے لیے جاگنگ کی عادت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
تیزی سے دوڑنے سے چربی گھلنے کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔
درست غذاؤں کا انتخاب
صحت کے لیے مفید غذائی عادات توند سے نجات کے لیے اہم ہوتی ہیں۔
انڈے، مچھلی، پھلوں، سبزیوں، سبز چائے، زیتون کا تیل، بیج، دہی اور چکن جیسی غذاؤں کے استعمال سے میٹابولزم کی رفتار بڑھ جاتی ہے جس سے چربی کو گھلانا آسان ہو جاتا ہے۔
زیادہ وقت بیٹھ کر نہیں گزاریں
جسمانی سرگرمیوں کو اچھی صحت کی کنجی قرار دیا جاتا ہے جبکہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے جسمانی وزن میں اضافے سمیت متعدد طبی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے ہر ایک گھنٹے بعد کرسی سے کھڑے ہو جانے سے بھی منفی اثرات سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ توند سے نجات پانا آسان ہو جاتا ہے۔
