کیا آپ تیزی سے کھانا کھانے کے خطرناک نقصانات جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
اکثر افراد کو تیزی سے کھانا کھانے کی عادت ہوتی ہے، اگر آپ بھی جلد بازی میں نوالے اچھی طرح چبائے بغیر نگلنے کے عادی ہیں تو جان لیں کہ یہ عادت صحت کو نقصان پہنچاتی ہے۔
نوالہ پھنسنا
تیزی سے کھانے والے افراد اکثر نوالے اچھی طرح چبائے بغیر نگل لیتے ہیں جس کے باعث حلق میں ان کے پھنسنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے مسائل
تیزی سے کھانے سے معدے میں ورم کا خطرہ بڑھتا ہے اور السر کا سامنا ہو سکتا ہے، ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تیزی سے کھانے والے افراد میں معدے کے مسائل کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
ذیابیطس
ذیابیطس سے محفوظ درمیانی عمر کے افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تیزی سے کھانے کی عادت کے نتیجے میں انسولین کی مزاحمت کا خطرہ بڑھتا ہے۔
انسولین کی مزاحمت کے دوران جسم درست طریقے سے انسولین کو استعمال نہیں کر پاتا اور وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے۔
موٹاپا
نوالے صحیح طرح چبائے بغیر نگلنے سے لوگ زیادہ مقدار میں غذا اور کیلوریز کو جسم کا حصہ بنا لیتے ہیں۔
اس حوالے سے کی گئی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بہت تیزی سے کھانے والے افراد کچھ دیر بعد پھر بھوک محسوس کرنے لگتے ہیں اور زیادہ کھانے سے موٹاپے کا شکار ہو جاتے ہیں۔
