بیشتر افراد وزن کم کرنے کے لئے ورزش کرتے ہیں جو کہ ایک اچھا عمل ہے لیکن کیا آپکو معلوم ہے کہ ہر ہفتے کتنی ورزش کرنی چاہیے؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جسمانی وزن میں کمی لانے کے لئے ہر ہفتے 5 گھنٹے ورزش کرنی چاہیے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے تسلسل سے 5 گھنٹے ورزش کرنے کی عادت سے جسم اندرونی چربی کو گھلا کر توانائی کے لیے استعمال کرتا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں صحت مند ایتھلیٹس اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں پر مشتمل 2 گروپس شامل کیے۔
ذیابیطس کے مریض ورزش کرنا پسند نہیں کرتے تھے جبکہ ایتھلیٹس ہر ہفتے ساڑھے 9 گھنٹے ورزش کرتے تھے۔
ماہرین نے دونوں گروپس کو اپنے معمولات ایک دوسرے سے تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔
تحقیق کے آغاز اور طرزِ زندگی کے معمولات میں تبدیلی کے بعد دونوں گروپس میں شامل افراد کے جسمانی نمونوں کو اکٹھا کرکے جسم کے اندر چربی کی مقدار کا تجزیہ کیا گیا۔
اس تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جب ذیابیطس کے مریضوں نے ہر ہفتے 5 گھنٹے ورزش کو عادت بنایا تو انسولین کی حساست بہتر ہوگئی، کولیسٹرول اور گلوکوز لیول کی سطح میں کمی آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش کو معمول بنانے سے ہمارے جسم کا چربی ذخیرہ کرنے کا نظام تبدیل ہوتا ہے اور ہمارا جسم اس چربی کو توانائی کے حصول کے لیے گھلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی طور پر متحرک ہوکر ہم اپنے جسم کی چربی گھلانے کی صلاحیت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
