کیا آپ دن بھر پانی کی بوتل ہاتھ میں لے کر گھومنے کا نقصان جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سورج کی روشنی میں پانی کی بوتلوں سے زہریلے کیمیکلز کا اخراج ہوسکتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ سورج کی روشنی میں پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں میں متعدد اقسام کے مرکبات کا اخراج ہوتا ہے، یہ مرکبات ایسے کیمیکلز پر مبنی ہوتے ہیں جو کمرے کے درجہ حرارت پر آسانی سے بخارات بن جاتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ زیادہ تر کیمیکلز بے ضرر ہوتے ہیں مگر کچھ سے مختصر المدت اور طویل المعیاد بنیادوں پر صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 6 اقسام کی پلاسٹک کی بوتلوں پر سورج کی روشنی اور الٹرا وائلٹ شعاعوں سے مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سورج کی روشنی اور الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بوتلوں میں متعدد اقسام کے کیمیکلز کا اخراج ہوتا ہے جن میں سے کچھ کافی زہریلے ہوتے ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ کبھی کبھار تو ان بوتلوں سے پانی پینے سے صحت کو خطرہ لاحق نہیں ہوتا مگر زیادہ عرصے تک ان کے استعمال سے صحت کے لیے خطرہ بڑھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں میں سورج کی روشنی میں زہریلے کیمیکلز کا اخراج ہوتا ہے جس سے صحت کے لیے خطرات بڑھتے ہیں۔
