ہر انسان کی یہی خواہش ہے کہ وہ صحت کے ساتھ طویل زندگی گزارے اور اس کے لیے وہ متواز غذا کے ساتھ کئی طرح کی ورزشیں بھی کرتا ہے تاہم ماہرین نے اس ضمن میں ایک عام سی عادت کو طرز زندگی میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور وہ ہے سیڑھیاں چڑھنا۔
روزمرہ زندگی میں سیڑھیاں چڑھنے کی عادت انسان کو صحت مند رکھنے اور زندگی کو طول دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا کی ایک عالمی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں دل کے امراض سے موت کا خطرہ 39 فیصد جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کا امکان 24 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کا 14 سال تک جائزہ لیا گیا۔ مطالعے میں 35 سے 84 سال کی عمر کے صحت مند افراد اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو شامل کیا گیا تھا۔
محققین کے مطابق جو افراد باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتے تھے، ان میں ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیلیئر سمیت سنگین قلبی بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر کم دیکھا گیا۔
یو ای اے کے نوروِچ میڈیکل اسکول کی محقق سوفی پیڈوک کے مطابق سیڑھیاں جتنی زیادہ چڑھی جائیں، صحت کے فوائد بھی اتنے ہی زیادہ ہوسکتے ہیں، تاہم تحقیق میں روزانہ تقریباً چھ فلائٹس سیڑھیاں چڑھنے کو نمایاں فوائد سے منسلک کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق سیڑھیاں چڑھنا مؤثر جسمانی سرگرمی ہے کیونکہ اس دوران جسم کو کششِ ثقل کے خلاف کام کرنا پڑتا ہے، جس سے بیک وقت متعدد پٹھے متحرک ہوتے ہیں، دل کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور جسمانی فٹنس میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ عام عادات شادی شدہ زندگی کو زیادہ خوشگوار بنا سکتی ہیں
تحقیق کے مطابق جن افراد کے پاس جِم جانے کے لیے وقت یا سہولت موجود نہیں، وہ گھر، دفتر یا دیگر عوامی مقامات پر سیڑھیاں استعمال کرکے روزمرہ معمول میں یہ جسمانی سرگرمی شامل کرسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں دل کے امراض اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں جبکہ سست طرزِ زندگی، تمباکو نوشی، غیر متوازن غذا اور موٹاپا قلبی بیماریوں کے اہم خطرات میں شمار ہوتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جوڑوں کے مسائل، نقل و حرکت میں دشواری یا دیگر طبی پیچیدگیوں کا شکار افراد سیڑھیاں چڑھنے کی ورزش شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔
