یورپ میں ویسٹ نائل وائرس کے مقامی طور پر منتقل ہونے والے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی رواں سیزن کے دوران 15 ممالک میں مجموعی طور پر 1086 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یورپی سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول کے مطابق 3 ستمبر تک اٹلی میں سب سے زیادہ 516 کیسز سامنے آئے، جبکہ یونان میں 284 اور اسپین میں 88 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یورپ بھر میں مجموعی طور پر 144 علاقے وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں صرف اٹلی کے 62 علاقے شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وائرس کے کیسز میں حالیہ ہفتوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اگست کے آغاز میں یورپ کے صرف 7 ممالک میں 240 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
ماہرین کے مطابق ویسٹ نائل وائرس بنیادی طور پر مچھروں کے ذریعے جنگلی پرندوں میں پھیلتا ہے، تاہم متاثرہ مچھر انسانوں میں بھی وائرس منتقل کرسکتے ہیں۔
جرمن رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق وائرس سے متاثرہ تقریباً 20 فیصد افراد میں بخار اور فلو جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں، جبکہ تقریباً ہر 100 میں سے ایک مریض شدید بیمار ہوسکتا ہے۔
ویسٹ نائل بخار عام طور پر بغیر پیچیدگی کے ختم ہوجاتا ہے، تاہم شدید بیماری کا شکار ہونے والے مریضوں میں طویل مدتی اثرات نسبتاً عام ہیں۔ ECDC نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ اعداد و شمار وائرس کے حقیقی پھیلاؤ کی مکمل تصویر پیش نہیں کرتے۔




















