Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں رواں سال پولیو کا نواں کیس سامنے آگیا، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر

پاکستان اور افغانستان میں انسداد پولیو مہم بیک وقت جاری ہے

پاکستان میں 2026 کے دوران پولیو کا نواں کیس خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے رپورٹ ہوگیا، جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کے مطابق رواں سال سامنے آنے والے 9 کیسز میں سے 7 خیبرپختونخوا جبکہ 2 سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ای او سی کا کہنا ہے کہ ملک کے 97 منتخب اضلاع، جن میں ضلع خیبر بھی شامل ہے، میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

پاکستان اور افغانستان میں انسداد پولیو مہم بیک وقت جاری ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

ادارے نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔

نیشنل ای او سی نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

Exit mobile version