برطانوی جریدے ’فنانشل ٹائمز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔
معروف برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے پاکستانی معیشت سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق پاکستان میں بجلی کی بندش اور غیرملکی مبادلہ کی شدید کمی سے کاروبار کا چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ہونے والے بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن نے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور پاکستانی حکام اس بحران سے بچنے اور آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث پاکستانی معیشت کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے، پاکستان کی بندرگاہوں پر درآمدی اشیاء سے بھرے کنٹینر جمع ہورہے ہیں، برآمد کنندگان ڈالر حاصل کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ادائیگیاں نہیں کر پا رہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 5 بلین ڈالرز سے بھی کم رہ گئے ہیں جو ایک مہینے کی امپورٹ سے بھی کم ہیں جب کہ شہباز سرکار اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 بلین ڈالر کے امدادی پیکج پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال سنگین ہوگئی ہے اور پاکستان کا حال بھی سری لنکا جیسا ہونے کا خدشہ ہے۔




















