مریم نواز شریف نے کہا ہے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے رائے ونڈ میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے استوار قریبی دو طرفہ دوستانہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے علاوہ ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں مریم نواز شریف نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر جین میریٹ کو مبارک دی جبکہ مریم نوازشریف نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جین میریٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔
مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین اور بچیوں کی تعلیم کے لئے برطانیہ کی جانب سے مدد کو بھی سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کی تعیناتی سے برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔
ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے نیک تمناﺅں کے اظہار پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
