مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آج اپنے حلقہ این اے 130 میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی گہما گہمی میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور اسی سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آج اپنے حلقے این 130 سے انتخابی ریلی نکالیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف انتخابی ریلی موہنی روڑ سے شروع کریں گے جو کالے دی پلی ، حسن شاہ آرا سے امیر روڑ ملک پارک جائے گی، ریلی ملک پارک سے سرادر چپل چوک سے مولا بخش چوک اور ابراہیم روڑ کارپویشن چوک جائے گی، آخر میں انتخابی ریلی سنت نگر اور سلام پورہ جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی ریلی میں شریک ہوں گی۔
نواز شریف اور مریم نواز این اے 130 اور صوبائی حلقے 173، 174 میں انتخابی ریلی نکالیں گے، مسلم لیگ کے رہنماء بلال یاسین کے موہنی روڑ ڈیرے پر انتخابی ریلی کی تیاریاں جاری ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے استقبال کیلئے این اے 130 میں جگہ جگہ استقبال کیمپ لگائے گئے۔ لیگی رہنماء بلال یاسین کے ڈیرے پر اصل شیر بھی منگوائے گئے۔ بنجریوں میں بند شیر نواز شریف کی انتخابی ریلی میں ساتھ ساتھ ہوں گے۔
اس سے قبل رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف آج قومی اسمبلی کے اپنے حلقے این اے 130 کا دورہ کریں گے، پارٹی راہنما بلال یاسین کی میزبانی میں ہونے والی تقریب اور ریلی میں محمد نوازشریف کے علاوہ مریم نوازشریف بھی شریک ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اپنے حلقہ کے عوام، کارکنوں، عہدیداروں اور نوجوانوں سے ملاقات کریں گے، ملک کی ترقی کے اپنے وژن کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
