وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے”زیرو ویسٹ ڈے“پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہردن کو زیرو ویسٹ ڈے کے طور پر منانا چاہیے۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج اشیاء ضروریہ کے ذمہ دارانہ استعمال اور ویسٹ مینجمنٹ کی اہمیت پرغورکرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کو بے شمارماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں ایسی صنعتی معیشت کی ضرورت ہے جہاں وسائل کا موثر استعمال ہو اور ویسٹ کم سے کم پیدا ہو۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کو کم کرکے ماحول دوست متبادل کو اپنائیں۔ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لا رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ دیہات کی صفائی کا پائیداراورمؤثر نظام وضع کیا جارہا ہے۔ ہر شہر،گاؤں اورگلی محلے کو صاف دیکھنا میراعزم ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ اجتماعی کاوش سےہم اپنے بچوں کو صاف ستھرا ماحول دے سکتے ہیں۔ ہمیں پائیدار مصنوعات کا انتخاب اور خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ پرانی اشیاء کی مرمت، انہیں عطیہ کرنے، یا نئے استعمال کا طریقہ اختیار کرنے کے ضرورت ہے۔
انھوں نے مزید اپنے پیغام میں کہا کہ ری سائیکل ہونے والی اشیاء کو کوڑے میں نہ پھینکیں اور کچرے کی چھانٹی ضروری امرہے۔ مل کر کام کرنے سے ویسٹ میٹریل سے صحت مند ماحول اور محفوظ مستقبل حاصل کر سکتے ہیں۔
