Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے حکومت اور سنی اتحاد کونسل میں تاحال مذاکرات نہ ہوسکے، جب کہ حکومت نے اب تک شیخ وقاص اکرم کو چئیرمین پی اے سی بنانے کی حامی نہیں بھری۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے اور جے یو آئی بھی چئیرمین پی اے سی کے لیے لابنگ میں مصروف ہے۔

ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے نہ ہونے پر پی اے سی کے پہلے اجلاس میں ووٹنگ کرائی جائے گی، 29 رکنی پی اے سی میں 15 یا زیادہ ارکان کی حمایت حاصل کرنے والا چئیرمین منتخب ہو گا۔

 

خیال رہے کہ تاریخ میں پہلی بار چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے ووٹنگ کرائے جانے کا امکان ہے اور حکومت کی جانب سے ووٹنگ کی صورت میں چیئرمین پی اے سی کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی اے سی میں حکومت کے 16 اور اپوزیشن بشمول سنی اتحاد کونسل کے 8 ارکان ہونے کا امکان ہے، ووٹنگ ہونے کی صورت میں حکومتی رکن با آسانی چیئرمین پی اے سی بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل نے پہلے شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نامزد کیا تھا تاہم ان کے نام پر پارٹی میں اختلاف پایا جاتا تھا جس کے بعد شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دی گئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version