وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہماری سرزمین پر دہشت گردی ہورہی ہے، جس کا جواب دینا ہمارا حق ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان سے ہماری سرزمین پر دہشت گردی ایکسپورٹ ہو رہی ہے اور اس بات کے ثبوت ہیں کہ وہاں پر دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ ہمیں بھی حق پہنچتا ہے کہ ہم بھی جواب دیں، انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے عوام کی حفاظت کے لیے ہمارا حق ہے کہ ہم جواب دیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک اگر برادرانہ تعلقات میں رہنا چاہتے ہیں تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر اور اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اس پر سیاست نہ کریں، یہ ہمارے خون کا معاملہ ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ یہ اگر دہشت گردوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں تو ہم یہی کہیں گے کہ دہشت گردی کے پیچھے یہ لوگ ہیں، طالبان کے ساتھ ان کے روابط ہیں اور یہ تحریک طالبان کے 6 ہزار لوگوں کو ادھر لے کر آئے۔
