Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکا کے 249 ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی عوام کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

امریکی سفارت خانے اسلام آباد میں امریکی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے 249 ویں یوم آزادی پر ہم اپنے امریکی دوستوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اور اس بات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں، اور امریکا پاکستان کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کئی مشترکہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور ان میں سے ایک دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے، جس میں پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ پاکستان کی قربانیاں انسداد دہشت گردی کی جنگ میں کسی سے کم نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کی بنیاد پر دونوں ممالک نے مختلف عالمی امور پر تعاون کیا ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور مشترکہ مفادات پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version