Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تحریک انصاف کا ملکی معیشت پر وائٹ پیپر آج جاری ہوگا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ملکی معیشت پر وائٹ پیپر آج جاری ہوگا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ تحریک انصاف کا ملکی معیشت پر وائٹ پیپر آج جاری کیا جائے گا۔

 فواد چوہدری نے کہا کہ آٹھ ماہ میں ملکی معیشت کی تباہی کے بعد امپورٹڈ حکومت اپنی احمقانہ پالیسی سے دہشت گردی بھی مسلط کر رہی ہے۔

 سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر مزید کہا کہ حکمران پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے پاکستان کی ترقی پر نقب لگائی گئی ایک ترقی کرتے پاکستان کا راستہ روکا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی ٹیم آج وفاقی حکومت کی بدترین معاشی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے جارہی ہے، تقریب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان خصوصی خطاب کریں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ تقریب میں اسد عمر، شوکت ترین، حماد اظہر، جمشید اقبال چیمہ، عامر ضیا، ڈاکٹر سلمان شاہ، علی خضر، ڈاکٹر راشد اور دیگر ماہرین مختلف معاشی امور پر بریفنگ دیں گے۔

فرخ حبیب

گزشتہ روز لاہور میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا تھا کہ معیشت پر وائٹ پیپرجاری کرنے جارہے ہیں، حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور آج ملک میں صنعتیں بند اور مزدور بےروزگار ہورہے ہیں، انہیں این آر او ٹو مل رہا ہے اور ظلم عوام کے ساتھ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ناکام پالیسیوں اور ان کی نااہلی برداشت کررہا ہے جبکہ حکومت کے پاس مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کسی قسم کا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں

انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں، آٹا، گھی، سبزیاں، چکن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 35فیصد اضافہ ہو چکا ہے مگر حکومت عمران خان کو تکنیکی بنیادوں پر نااہل کرانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے، معیشت پر وائٹ پیپرجاری کرنے جارہے ہیں، ملک آج ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا تھا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا، آج ملک میں صنعتیں بند اور مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں جبکہ اسحاق ڈار مہنگائی کو کم دکھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں، انہیں این آر او ٹو مل رہا ہے، ظلم عوام کے ساتھ ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version