لاہور: پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور صوبے میں ممکنہ انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس آئندہ ایک سے دو روز میں ہو گا۔
اس حوالے سے پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس سینئر پارٹی رہنماؤں کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے، جس میں قائد نواز شریف اور مریم نواز کی فوری وطن واپسی پر غور کیا جائے گا۔
ذرئع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماوں نے گزشتہ روز لندن میں موجود پارٹی قیادت کو اپنے تحفظات و خدشات سے آگاہ کیا تھا۔
ذرئع کے مطابق پارٹی قیادت کی ملک میں عدم موجودگی کی وجہ سے پارٹی کو مسائل کا سامنا ہے، پارٹی رہنماؤں کو خدشات ہیں کہ مرکزی قیادت فوری طور پر وطن واپس نہ پہنچی تو پارٹی کو آئندہ انتخابات میں شکست سمیت ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے اپنے موقف میں کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بیرون ملک ہیں جبکہ شہباز شریف بطور وزیراعظم خاصے مصروف اور پارٹی کو وقت دینے سے قاصر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ اپوزیشن کو شکست کا خوف، پنجاب اسمبلی میں ہنگامی آرائی
ذرئع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے اعتماد کے موقع پر بھی قیادت ملک میں موجود ہوتی تو حالات مختلف ہو سکتے تھے، پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی سینیئر ترین قیادت سے براہ راست اور ون آن ون ملاقاتیں ہو جاتیں تو وہ شاید وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ نہ دیتے۔
ذرئع کے مطابق پارٹی رہنماؤں کے تحفظات پر نواز شریف نے اپنی اور مریم نواز کی واپسی کے حوالے سے پارٹی رہنماوں سے تجاویز طلب کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی کیا کیا تیاریاں ہوں گی، کب اور کہاں لینڈ کیا جائے، اس کی تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت نے ہدایت دی ہے کہ صوبے میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی اب تک کی کیا تیاریاں ہیں، آگاہ کیا جائے۔
