Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی محنت اور سیاسی سوجھ بوجھ رنگ لارہی ہے، پرویز الٰہی

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کی محنت اور سیاسی سوجھ بوجھ رنگ لارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے خاتم النبین ؐ یونیورسٹی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کو الیکشن میں عبرتناک قسم کی شکست ہوگی اور ان کا عام انتخابات میں وہی حشرہوگا جو پی پی کا ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بہت چلاک اور ہوشیار بنتا ہے اور غیبی مدد کے انتظار میں رہتا ہے لیکن اب یہ بری طرح بے نقاب ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف الیکشن کے بعد منہ چھپاتے پھیریں گے جبکہ اسحاق ڈار بھی کہتا تھا کہ میں ڈالر لاؤں گا لیکن یہ ڈالر باہر لے گئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہر آنے والے لمحے کمزور سے کمزور تک ہورہی ہے جبکہ اعتماد کے ووٹ میں بھی ہم نے (ن) لیگ کو سرپرائز دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ چودھری پرویز الٰہی کی ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اب صدر علوی انہیں اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے تو انہیں جان کے لالے پڑ جائیں گے لیکن عمران خان نے شہباز شریف کا بندوبست کردیا ہے اب ان کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا جو اسے نہیں ملنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیک آدمی ہیں اور ان میں ملک سنوارنے کا جذبہ ہے جبکہ نوجوان بھی عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کے لئے کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایماندار ہیں اور ہر کام محنت سے کرتے ہیں جبکہ عمران خان کی محنت اور سیاسی سوجھ بوجھ بھی رنگ لارہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ سرمایہ کاروں کی انوسٹمنٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، چودھری پرویز الٰہی

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے کہا تھا خان صاحب اسمبلی آپ کی امانت ہیں، جب چاہیں لے لیں اور میں نے عمران خان سے صرف اپنا عہد نبھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرسوں تک کے پی کے اسمبلی بھی تحلیل ہوجائے گی اور اب عام انتخابات ہی ہوں گے اور شہبازشریف کو ووٹ نہیں ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اتفاق اور یگانگت نظر نہیں آرہی ہے، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے جبکہ ایم کیو ایم بھی پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ معاشرے کی ترقی کے لئے معاشی و سماجی انصاف ضروری ہے، چودھری پرویز الٰہی

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ لوگوں کو گمراہ کرتا رہا کہ غیبی مدد آرہی ہے اور اب وہ جھوٹوں کی ٹیم کو لے کرنواز شریف کے پاس گیا ہے، نوازشریف نے اس کی کلاس لینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو عام انتخابات میں عبرتناک شکست نظر آرہی ہے،اس لئے نوازشریف واپس نہیں آرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انتخابا ت سے بچنے کیلئے بہانے تلاش کر رہی ہے جبکہ نوازشریف نے خود کہہ دیا ہے کہ انتخابات کرائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی کے باعث دینے کی خدمت کا کام کیا، چار ماہ میں چار سال کا کام کردکھایا، ہر شعبے میں تبدیلی نظر آرہی ہے اور گندم نکال کر مارکیٹ میں لانے سے آٹے کی قیمت تیزی سے نیچے آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ ہم نے ہمیشہ عوام نے مفاد کو ترجیح دی ہے، چودھری پرویز الٰہی

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نئے ضلع اور ڈویژن بننے سے عام آدمی بہت خوش ہے اور جہاں نئے ڈویژن، ضلع اور تحصیلیں بنی ہیں الیکشن نہیں ہاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ ضلع کو راولپنڈی کیساتھ ہی رکھا گیا ہے،میانوالی کے ساتھ شامل نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 سروس کو چھوٹی چھوٹی گلیوں تک پہنچا دیا ہے لیکن جب موقع ملا تو ریسکیو 1122 کی سروس دیہات تک شروع کریں گے جبکہ سندھ نے ریسکیو 1122 کے نام سے ہی ایمرجنسی سروس شروع کی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور میں بلیو لائن ٹرانسپورٹ سسٹم سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا اور لاہور میں عوام کے لئے ہائبرڈ بسیں بھی جلد نظر آئیں گے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انار کلی سمیت اورنج کے بڑے سٹیشن پر پارکنگ پلازے اورشاپنگ مال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکرکے طورپر عوام کی فلاح وبہبود کے بہت سے ایکٹ اور قوانین پاس کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے دریائے چناب پر 300 میگاواٹ کے چھوٹے ڈیم بنائیں گے اور کیلفورنیا کے سسٹرسٹیٹ بننے سے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں؛ چودھری پرویزالٰہی سے بار ایسوسی ایشن منڈی بہاؤالدین کے وفد کی ملاقات

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ روضہ رسول ؐپر ختم نبوتؐ کے حوالے سے دین کی خدمت کرنے کا عہد کیا اور اسے نبھایا۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قرآن اورسیرت نبویؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی کاوشیں کررہے ہیں، ناظرہ اور ترجمہ قرآن مجید پڑھے بغیر کوئی طالب علم ڈاکٹر یا انجیئنر نہیں بن سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی سطح پر سود لینے پر 10 سال کی سزا کا قانون پاس کرایا اور عقیدہ ختم نبوتؐ کا حلف نامہ نکاح نامے میں شامل کرانے سے دھوکہ دہی کے واقعات کا سدباب ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ خاتم النبین ؐ یونیورسٹی کا آج افتتاح کیا جبکہ باقاعدہ کام بھی جلد شروع ہوگا، خاتم النبین ؐ یونیورسٹی میں مسجد اورہوسٹل بھی بنائیں گے۔

اس موقع پر حافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، مولانا حنیف جالندھری، صاحبزادہ حامد رضا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد، خطیب داتا دربار مسجدمفتی محمد رمضان سیالوی، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، سیکرٹری ہاؤسنگ آصف بلال لودھی، کمشنرعامر جان، ڈی جی پی آر راؤ پرویزاختر، سیکرٹری اوقاف میاں ابرار، ڈی جی اوقاف، اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version