وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد مقبول لیڈروں کا پول کھول دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد باضابطہ ثابت ہوگیا پیپلزپارٹی سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے جیالے امیدواروں کو ووٹ دیکر منتخب کیا ہے اور جیتنے والے تمام جیالے امیدواروں کی ذمہ داری ہے وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا پی پی کے امیدواروں کو ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی زنجیر ہے اور کراچی میں پی پی پی کی جیت پورے ملک کی فتح ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لئے تمام سیاسی اکائیوں کا مل کر کام کرنا عوام کی خوش حالی کی وجہ بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو منتخب کرکے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جئے بھٹو کے نعروں سے گونجتے کراچی اور حیدرآباد نے نفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو نے امیدواروں کو ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو کے جیالے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بھائی انتخابی میدان میں ناقابل شکست ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قائد عوام اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید سندھ کے عوام آپ کو نہیں بھولے، پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے یہ نہ بھولیں کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج مکمل؛ پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا، جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر
