Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

چین سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین نے ایم ایل ۔ ون اور خصوصی اقتصادی زونز کے نفاذ پر عملدرآمد کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) زینگ شانجی کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران یہ اتفاق کیا گیا۔

احسن اقبال سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے سلسلے میں چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

اپنے دورے میں احسن اقبال نے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وائس چیئرمین کے ساتھ خصوصی مشترکہ تعاون کمیٹی (جی سی سی) کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے علاوہ اہم چینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔

چیئرمین این ڈی آر سی زینگ شانجی سے ون ٹو ون ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے چیئرمین زینگ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کی تجویز پر چیئرمین این ڈی آر سی نے پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے چینی مہارت کی بھی پیشکش کی۔

دونوں فریقوں نے سی پیک کے فریم ورک کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لینے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے اور اگلے مرحلے کے لئے تمام منصوبوں کی عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا جس کا دائرہ کار بہت وسیع ہے جن میں صنعت کاری، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور سماجی شعبے پر زیادہ توجہ مرکوز کرتا ہے۔

ملاقات میں ایک دہائی قبل سی پیک کے آغاز کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ سی پیک کی ترقی کا سفر شاندار سفر رہا جس میں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا لیکن حکومت ثابت قدم رہی۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے دونوں اطراف کے متعلقہ اداروں نے ایک ٹیم کے طور پر کام کیا اور توانائی اور فزیکل انفراسٹرکچر کے کلیدی منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ نافذ کیا جس سے سی پیک کے اگلے مرحلے کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی آر سی کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان اچھے دوست اور شراکت دار ہیں۔ عالمی سیاست کے اتار چڑھاؤ کے باوجود دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ایک دوسرے کی مکمل حمایت کی ہے۔

انہوں سی پیک کی ترقی میں احسن اقبال کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version