وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد پیکیجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سمندر پار پاکستانیز شمالی امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، خلیج، مشرق بعید، مشرقی ایشیاء سمیت دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو اس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں، پاکستانی محنت کشوں کو ہنر سکھائے جائیں اور سرٹیفکیٹس دلوائے جائیں تو ان کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور اس سے پاکستان کا زرمبادلہ بڑھے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سعودی عرب، یو اے ای، یورپ اور دیگر ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کی کھپت کے مواقع سے استفادہ کیا جائے اور اپنے قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نادرا میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں خصوصی کائونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ یونین کونسلز سے ان کو سرٹیفکیٹس کے فوری اجراء کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور وزارت خارجہ دستاویزات کی آن لائن تصدیق کیلئے بھی خصوصی اقدامات کرے گی۔
