Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، وزیر قانون و انصاف

وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران تمام وزراء قانون نے جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئین کو مجموعی طور پر پڑھا جانا چاہئے اور آئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات کو الگ کر کے نہیں پڑھنا چاہئے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں جمہوری اور جامع انتخابی ماحول کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

احمد عرفان اسلم نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، ریاست کے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری اور حلقہ بندیوں کی حد بندی اور انتخابی شیڈول کے تعین میں اس کے اختیار کا احترام کریں۔

نگران وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم نے جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا واحد اختیار ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء قانون کنور دلشاد (پنجاب)، محمد عمر سومرو (سندھ)، ارشد حسین شاہ (خیبر پختونخوا)،امان اللہ کنرانی (بلوچستان)نے شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version