Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کورونا وبا کے بعد ایک اور خطرناک وائرس ’نپاہ‘ کا الرٹ جاری

پنجاب بھر میں کورونا وبا کے بعد ایک اور خطرناک وائرس ’نپاہ‘ کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ صحت پنجاب نے نئے وائرس کے حوالے سے سی ای او کو مراسلہ گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا کہ نپاہ ایک خطرناک وائرس ہے جس سے متاثرہ شخص کی اموات کا امکان 74 فیصد ہے، وائرس ہمسایہ ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور خدشہ ہے یہ وائرس پاکستان میں بھی منتقل ہو سکتا ہے، پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے، تمام مشتبہ نپاہ سے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا بروقت ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ تمام نجی و سرکاری ہسپتالوں میں اس وائرس کی گائیڈلائن بتائی جائیں، تمام مریضوں کی نگرانی اور شک کی بنیاد پر ان مریضوں کو الگ رکھا جائے، بروقت تحقیقات کو یقینی بنا کر سیمپل کو اکھٹا کر کے پی سی آر کے لیے لیبارٹری بھجوایا جائے، وائرس جانوروں سے انسانوں اور ایک شخص سے دوسرے شخص میں بہت جلد پھیلتا ہے، اس خطرناک وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے، بروقت تشخیص سے علاج کر کے ہی بچاو ممکن ہے، وائرس چمگادڑوں اور خنزیروں سمیت دیگر جانوروں میں پایا گیا اور وہاں سے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں بھی منتقل ہو سکتا ہے، وائرس چمگادڑوں کے درخت پر لگے پھل کھانے سے اور وہی پھل بعد میں کوئی انسان کھائے تو اس میں منتقل ہو سکتا ہے، تمام شہری پھلوں کو اچھی طرح دھو کر کھائیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نپاہ وائرس کی ابتدائی علامات کھانسی کا آنا، سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا، تیز بخار کا ہونا، دورے پڑنا (جھٹکے لگنا)، دماغی حالت خراب ہونا ہیں، فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں مریض 3 سے 4 دن میں کومہ میں جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں آشوب چشم کی وبا نے شدت اختیار کر لی، متاثرہ افراد کی تعداد پنجاب بھر میں 4 لاکھ سے زائد ہو گئی۔

بہاولپور میں 80 ہزار سے زائد اور لاہور میں 40 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، یہاں سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کا 2 دن سے آشوب چشم کے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا شیئر نہ کیا گیا۔

Exit mobile version