Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیری عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادکشمیر کے 76ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 76ویں یوم تاسیس کے موقع پر منحوس خونی لکیر کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کو اس عزم کے ساتھ مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری حقیقی آزادی اس دن ہوگی جب بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرآزاد ہوگا اور کشمیری اپنی منزل یعنی الحاق پاکستان حاصل کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، کشمیری عوام اپنے حق خود اردایت کے حصول سے پیچھے ہٹے ہیں نہ ہٹیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یہ بھی کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیں منزل سے دور نہیں کرسکتی، مسلح افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو لائن آف کنٹرول پر ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء ، شہداء پاکستان، شہداء پاک افواج، شہدائے پولیس کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جبکہ میں آج کے تاریخی موقع پر غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مسئلہ فلسطین کو حل کرنا اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر وہ مسئلہ کشمیر کی طرح اس سے بھی مسلسل انحراف کر رہی ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھارت کے غیر قانوی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں مظالم بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر صدرکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، وزرا ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز حکومت، اعلیٰ فوجی حکام اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version