Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوئٹہ میں کانگو وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا

کوئٹہ میں کانگو وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کانگو وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا تھا کہ وائرس سے متعلق عوام خصوصاً مال مویشیوں کی خرید وفروخت سے وابستہ افراد کو فوری آگاہی دی جائے، مال مویشیوں کی چراگاہوں ڈیری فارمز میں جانوروں پر جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔

میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس کی اس نئی قسم سے ہونے والا بخار جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، علامات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی رہنمائی فراہم کی جائے، عوام کو آگاہی دی جائے کہ تیز بخار جسم میں شدید درد اور کانگو کی دیگر علامات کی صورت میں ہسپتال اور ڈاکٹروں سے فوری رجوع کیا جائے، اسپتالوں میں جراثیم کش ادویات، اسپرے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کثیر الجہتی اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام میں شعوری آگاہی کو ترویج دیں، ضلعی انتظامی افسران محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے زمہ داران ڈیری فارمز چراہ گاہوں اور مال مویشی منڈی کا دورہ کر کے کانگو وائرس سے متعلق آگاہی دیں، محکمہ لائیو اسٹاک اس ضمن میں تمام تر حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سیکرٹری صحت بلوچستان نے محکمہ لائیو اسٹاک کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تجاویز اور ان پر فوری عمل درآمد کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

 

Exit mobile version