Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غلط کاموں میں ملوث اہلکار معاشرے کے دشمن ہیں، ارشد حسین

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ غلط کاموں میں ملوث اہلکار معاشرے کے دشمن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں نگران وزیر اعلیٰ کو پروگرام کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پروگرام کے تحت اقدامات کے نتیجے میں نچلی سطح پر گورننس میں نمایاں بہتری آرہی ہے،  گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مینوئل موضع جات کی تعداد 813 سے کم ہوکر 386 پر آگئی ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ اسلحہ لائسنس کا سارا نظام آن لائن کردیا گیا، جیلوں میں قیدیوں سے اہلخانہ کی ملاقات کے لئے ورچوئل سسٹم کا اجراء کردیا گیا، نوشہرہ میں ای ڈومیسائل سسٹم کا آغاز کردیا گیا ہے، 31 جنوری تک تمام اضلاع میں ای ڈومیسائل کا اجراء کردیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام عوام کی بھلائی کا پروگرام ہے اسے سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے، پروگرام کے تحت امن و امان اور گورننس کو بہتر بنانے کے علاوہ تجاوزات،  منشیات، ملاوٹ، کرپشن اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق عوام کو بہت زیادہ مسائل درپیش ہیں، ریونیو افسران ریونیو کیسز بروقت نمٹائیں اور یہ کام ماتحت عملے پر نہ چھوڑیں، فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سید ارشد حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ غلط کاموں میں ملوث اہلکار معاشرے کے دشمن ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا رجحان تشویشناک ہے، منشیات کے استعمال سے ہماری نسلیں تباہ ہو رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ریونیو افسران اور دیگر ماتحت عملے کی نگرانی کریں، افسران بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کریں،ان کو بھر پور سپورٹ کریں گے جبکہ افسران خود فیلڈ میں جاکر معاملات کی نگرانی کریں۔

اجلاس میں متعلقہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version