پشاور سے سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے پشاور میں تقریب میں جے یو آئی (ف) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ نور عالم خان اور دیگر کو جے یوآئی میں خوش آمدید کہتے ہیں اور آنے والا دور جے یو آئی کا ہے۔
نور عالم خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو کہتے ہیں وہ سچ ثابت ہوتا ہے، ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی بصیرت کا ہرکوئی قائل ہے، ان کی قائدانہ صلاحیت سے متاثر ہوکر جمعیت میں شامل ہوا ہوں۔
نورعالم خان کا کہنا تھا کہ جیل میں لاڈلے کو دیسی مرغ اور ورزش کی مشینیں تک فراہم کی گئی ہیں لہٰذا میری چیف جسٹس سے درخواست ہے تمام قیدیوں کویکساں حقوق دیے جائیں۔
خیال رہے کہ نور عالم خان 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پشاور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، بعدازاں وہ منحرف ہوگئے تھے اور نشست سے مستعفی نہیں ہوئے۔
نور عالم خان پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔
