وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جو پراجیکٹس زیر التواء ہیں ان کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ گلبرگ سپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زاہد اختر زمان نے سپورٹس کمپلیکس پراجیکٹ کو شروع کیا،وہ چیف سیکرٹری بن گئے ہیں پراجیکٹ رکا رہا،ابھی ہم نے پراجیکٹ مکمل کیا ہے، گلبرگ اسپورٹس کمپلیکس پراجیکٹ پر کام کا فی تعطل کا شکار رہا، کوشش ہے کہ سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ پبلک کے لئے کھول دی جائے، باقی چار اسپورٹس کمپلیکس کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس لاہور کے شہریوں کی صحت اورتفریح کیلئے بہترین پراجیکٹ ہے، وہ شہری جو مہنگے کلب کی ممبرشپ نہیں لے سکتے یہاں اس سپورٹس کمپلیکس میں ممبر شپ لے پائیں گے، چیف سیکرٹری اورڈی جی ایل ڈی اے کو ممبر شپ فیس مناسب رکھنے کی ہدایت کردی ہے، مشیر کھیل پنجاب بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، ہم الزام تراشی کے کھیل میں نہیں پڑنا چاہتے، ہماری کوشش ہے کہ جو پراجیکٹس زیر التواء ہیں ان کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ گاؤں چمکیں گے پراجیکٹ کے تحت دیہات میں صفائی کی جارہی ہے،737 پولیس سٹیشنزکی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے، پوری ٹیم سر جوڑ کر بیٹھی ہے کہ پراجیکٹس کی تکمیل میں آنے والے مسائل کو حل کیا جائے، ہمت نہیں ہاریں گے، جانے سے پہلے شروع کیے ہوئے پراجیکٹس مکمل کرکے جائیں گے، بابا گراؤنڈ کی حالت بہتر کی جائے گی، پارکس کی بہتری کیلئے پی ایچ اے کو فنڈنگ جاری کردیئے گئے ہیں، جتنے پارکس بہتر کرسکے کرکے جائیں گے، فیصل آباد اورسیالکوٹ میں دو سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اکیڈمیز مکمل کر کے پی سی بی کے حوالے کرنے جارہے ہیں، نیشنل لیول کے کھلاڑی کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کرسکتے ہیں۔
